وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت دکی مائینز ایریا میں سیکیورٹی انتظامات کی بہتری سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں امن و امان کی بحالی اور مائینز کی بہتر نگرانی کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اجلاس کے دوران واضح کیا کہ دکی مائینز ایریا میں امن کے قیام کے لیے ایک مؤثر اور جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے تاکہ علاقے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے غیر رجسٹرڈ مائینز کی فوری رجسٹریشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام مائینز کی قانونی حیثیت کو یقینی بنانا ناگزیر ہے تاکہ حکومتی نگرانی اور وسائل کے بہتر استعمال کو ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے مائینز رائلٹی ریٹس پر نظر ثانی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ایسا نظام بنایا جائے جس سے مقامی آبادی کو بھی براہ راست فائدہ پہنچے اور حاصل ہونے والا ریونیو علاقے کی ترقی پر خرچ کیا جائے۔
امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے انسپکٹر جنرل پولیس کو دکی مائینز ایریا میں سیکیورٹی کے لیے 200 اہلکاروں کی میرٹ پر بھرتی کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی بھرتی میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے میں بہتر نظم و نسق قائم کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دکی مائینز ایریا میں امن و امان کے قیام کے لیے فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس، اور لیویز کے درمیان مؤثر اور مربوط رابطہ کاری ضروری ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف سیکیورٹی کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے بلکہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام بھی ممکن ہے۔
اجلاس میں وزیر مائینز میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ شہاب الدین، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری، اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سیکیورٹی کے مختلف پہلوؤں اور مقامی ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ علاقے کی اقتصادی اور سماجی ترقی کو فروغ دیا جا سکے













Leave a Reply