بلوچستان حکومت صوبے میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ ہر شہری کو معیاری طبی سہولیات اس کی دہلیز پر میسر ہوں۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
حال ہی میں اسلام آباد میں سندس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر، ایئر وائس مارشل (ریٹائرڈ) آفتاب حسین سے ملاقات ہوئی جس میں سندس فاؤنڈیشن کی خدمات اور بلوچستان میں تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا جیسی خون کی بیماریوں کے علاج کے لیے سہولیات میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سندس فاؤنڈیشن نے ان بیماریوں کے علاج کے لیے شاندار کام کیا ہے اور ان کی خدمات سے ہزاروں غریب مریض مستفید ہو چکے ہیں۔
بلوچستان حکومت کوئٹہ میں سندس فاؤنڈیشن کا مرکز قائم کرنے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ صوبے کے عوام کو معیاری صحت کی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
حکومت کا عزم ہے کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں تک طبی سہولتوں کو پہنچایا جائے اور صحت کے شعبے میں ایسی انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں جو عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنا سکیں۔ سندس فاؤنڈیشن کے ساتھ اشتراک نہ صرف خون کی بیماریوں کے علاج میں مددگار ہوگا بلکہ صحت کے دیگر شعبوں میں بھی نمایاں بہتری لائے گا۔صحت کے شعبے میں اصلاحات کا مقصد عوام کو جدید ترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ بلوچستان کے عوام ایک صحت مند زندگی گزار سکیں۔ حکومت بلوچستان کا یہ عزم ہے کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی اور صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی۔













Leave a Reply