بلوچستان اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی شفقت انور شاہوانی کی دعوت پر دو روزہ دورے کے لیے گوادر کا رخ کیا۔ ایئرپورٹ پر وفد کا پرتپاک استقبال رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن، ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن، چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، اور چیئرمین تحصیل میونسپل کمیٹی گوادر شریف میانداد نے کیا۔
وفد کی قیادت ایم پی اے اصغر ترین کر رہے ہیں جبکہ دیگر اراکین میں رحمت صالح بلوچ، زابد ریکی، فضل قادر اور دیگر شامل ہیں۔ اس دورے کا مقصد گوادر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ اور پیش رفت کا جائزہ لینا ہے۔
دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے وفد کو جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دیں گے اور ان کی تکمیل کے حوالے سے معلومات فراہم کریں گے۔ شفقت انور شاہوانی نے اس دورے کو جی ڈی اے کی شفافیت اور کارکردگی کو اجاگر کرنے کا عملی مظاہرہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے اہمیت کی حامل ہے، اور تمام وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
جی ڈی اے ہمیشہ معیاری اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم رہا ہے۔ گوادر میں جاری ترقیاتی منصوبے مقامی آبادی کے لیے زندگی میں بہتری کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ پورے خطے کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اس دو روزہ دورے سے ان منصوبوں کی شفافیت اور مؤثریت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور بلوچستان کے عوام کے لیے ترقیاتی اہداف کے حصول کے عزم کو تقویت ملے گی۔













Leave a Reply