بلوچستان کے تاریخی شہر بیلہ میں خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک تاریخی اقدام کیا گیا۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان عالیانی کے احکامات کی روشنی میں، پارلیمانی سیکرٹری قانون، سیاحت و ثقافت بلوچستان نوابزادہ میر زرین خان مگسی کی نگرانی میں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر بیلہ رومیل نعیم جان کی زیر اہتمام خواتین کے لیے ریسٹ ہاؤس بیلہ میں کھلی کچہری منعقد کی گئی۔
اس موقع پر خواتین نے اپنے مسائل پیش کیے، جنہیں میر زرین خان مگسی اور انتظامیہ کے افسران نے غور سے سنا اور ان کے فوری حل کے لیے ضروری احکامات جاری کیے۔ کھلی کچہری کے دوران خواتین نے تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر اہم مسائل پر بات کی، جنہیں نہ صرف ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی بلکہ کئی مسائل کا موقع پر ہی حل نکالا گیا۔
اس تاریخی اقدام میں چئیرمین میونسپل کمیٹی بیلہ سید شاہجان شاہ، سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل قادر بخش جاموٹ، کونسلر طارق علی بلوچ، اور تحصیلدار حبیب اللہ کھوسہ بھی موجود تھے۔ یہ کھلی کچہری خواتین کو اپنی آواز بلند کرنے اور مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور اس طرح کے اجلاسوں کو تسلسل سے منعقد کیا جائے گا تاکہ خواتین کے چیلنجز کا خاتمہ کیا جا سکے۔ یہ اقدام خواتین کو معاشرتی ترقی میں شامل کرنے کی ایک اہم مثال ہے اور انہیں اعتماد دلانے کا ذریعہ بنے گا کہ ان کے مسائل حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔













Leave a Reply