سول ہسپتال کوئٹہ میں بلوچستان ہیلتھ کارڈ کی سہولیات میں توسیع، عوام کے لیے بڑی خوشخبری

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے ویژن کے مطابق صوبے میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ میں بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کو مزید شعبہ جات تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو معیاری اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ صوبے کے غریب اور محروم طبقے کو صحت کے بنیادی حقوق میسر آ سکیں۔

بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت اب سول ہسپتال کوئٹہ میں سرجری اور میڈیسن کے شعبوں میں عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ عوام بغیر کسی رکاوٹ کے ان خدمات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ پروگرام خاص طور پر اُن افراد کے لیے ایک نعمت ہے جن کے پاس مہنگے علاج کی استطاعت نہیں۔

سول ہسپتال کوئٹہ میں اب درج ذیل شعبہ جات میں ہیلتھ کارڈ کے تحت مفت علاج کی سہولیات دستیاب ہیں: شعبہ امراض قلب، گائنی اینڈ اوبس (امراض نسواں و زچگی)، جنرل سرجری، اور جنرل میڈیسن۔ ان شعبہ جات میں نہ صرف ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج کیا جاتا ہے بلکہ مریضوں کو مفت ادویات اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

22 اپریل 2025 کو ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت سول ہسپتال میں چار کامیاب سرجریز انجام دی گئیں جبکہ پانچ مریضوں کے میڈیکل کیسز کا باقاعدہ اندراج کیا گیا۔ یہ اعداد و شمار اس پروگرام کی کامیابی اور عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر ہادی کاکڑ کا کہنا ہے کہ ہمارا عزم ہے کہ ہم ہر شہری کو معیاری اور مفت صحت کی سہولیات فراہم کریں۔ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام اس عزم کی عملی شکل ہے جو دن بدن عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے۔

یہ اقدام نہ صرف موجودہ حکومت کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایک روشن قدم ہے۔ اس پروگرام کے تحت صحت کی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آ رہی ہے اور امید ہے کہ آئندہ مزید شعبہ جات کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا تاکہ بلوچستان کے ہر شہری کو صحت کی سہولیات ان کے دروازے پر میسر ہوں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *