ڈبل روڈ دھماکہ: ایک اور قیمتی جان ضائع، وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مذمت

کوئٹہ کے ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب ہونے والے دھماکے نے ایک بار پھر شہر کی فضا سوگوار کر دی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کے عوام اور حکومت کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور حکام کو ہدایت کی کہ متاثرین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ دھماکے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ میر سرفراز بگٹی نے شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ایسی مذموم کارروائیاں دہشت گردوں کے گھناؤنے عزائم کو بے نقاب کرتی ہیں، لیکن حکومت اور سیکیورٹی فورسز کسی بھی قیمت پر ان مذموم مقاصد کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں آزادی کے نام پر جاری لاحاصل جنگ نے آج ایک اور ہیرا نگل لیا۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور بلوچستان کا سرمایہ ڈاکٹر مہر اللہ ترین کوئٹہ میں دہشت گردوں کے ہاتھوں بم دھماکے میں شہید کر دیا گیا۔ انہوں نے اس المناک سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی ایسی کارروائیاں بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں اور حکومت ہر حال میں عوام کی حفاظت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *