ڈی جی آئی ایس پی آر کی سال 2024 کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس

ڈی جی آئی ایس پی آر نے سال 2024ء کے دوران داخلی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف اقدامات، اور افواج پاکستان کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ رواں سال 59,775 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے جن میں 925 دہشتگرد ہلاک ہوئے اور 73 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو بھی انجام تک پہنچایا گیا۔ اس دوران 383 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر 169 سے زائد آپریشنز کیے جا رہے ہیں اور ریاستی اداروں کی حکمت عملی کے باعث 14 دہشتگرد قومی دھارے میں شامل ہوئے۔ قبائلی علاقوں میں بارودی سرنگوں سے 72 فیصد زمین پاک کی گئی جبکہ 8 لاکھ 15 ہزار غیر قانونی افغان باشندے ملک سے واپس بھیجے گئے۔

بھارت کی جانب سے مشرقی سرحد پر خطرات اور فالس فلیگ آپریشنز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

فلاح و بہبود کے شعبے میں بھی افواج پاکستان کی خدمات نمایاں رہیں۔ خیبرپختونخوا میں 6500 آؤٹ ریچ پروگرامز شروع کیے گئے جن کے تحت 7 لاکھ طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کی گئیں اور صحت کے شعبے میں 113 میڈیکل کیمپس کا قیام عمل میں لایا گیا۔

مزید یہ کہ سبی اور ہرنائی کے درمیان ریلوے ٹریک کو 17 سال بعد بحال کیا گیا اور کچھی کینال منصوبے کے تحت 65 ہزار ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جا رہا ہے۔ گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت 15,825 ایکڑ زمین کو زیر کاشت لایا گیا۔

افواج کی تربیت کے حوالے سے 31 یونٹس کے 11,071 جوانوں کو پری انڈکشن ٹریننگ دی گئی اور آٹھ بین الاقوامی مشترکہ مشقوں کا انعقاد بھی ہوا۔ پاکستان بحریہ نے 25 مشقوں میں شرکت کی جبکہ Exercise Industrial 2024 میں 24 ممالک کی فضائی افواج نے حصہ لیا۔

پریس کانفرنس کا اختتام اس پیغام پر ہوا کہ محفوظ پاکستان ہی مضبوط پاکستان ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *