ضلعی انتظامیہ کی کارروائی، 40 غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین گرفتار، 28 کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ

ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 40 افراد کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کچلاک نعمت اللہ ترین کی زیر نگرانی ایک بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس میں سب ڈویژن کچلاک کے علاقے میں ایک مسافر بس کو روکا گیا۔ بس میں موجود تمام مسافر افغان مہاجرین تھے، جن کی ابتدائی جانچ کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ وہ غیر قانونی طور پر ملک میں مقیم ہیں۔

انتظامیہ نے تمام 40 افراد کو حراست میں لے کر ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ منتقل کیا، جہاں ان کی مکمل چھان بین اور قانونی دستاویزات کی جانچ کی گئی۔ تفتیشی عمل مکمل ہونے پر 12 افراد کو ان کے قانونی کاغذات کی بنیاد پر رہا کر دیا گیا، جبکہ باقی 28 افراد کے پاس کسی قسم کی قانونی اجازت نہ ہونے کی وجہ سے انہیں ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق اس کارروائی کا مقصد غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی شناخت اور ملکی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نعمت اللہ ترین نے کہا کہ ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ قانون کی بالا دستی قائم رکھی جا سکے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *