وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار میں بچوں کی بس پر ہونے والے بزدلانہ دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت بطور ریاست دہشتگردی کو نہ صرف فروغ دے رہا ہے بلکہ اپنے ایجنٹوں کے ذریعے بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے کی گھناؤنی کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں جیسے نرم اہداف کو نشانہ بنانا صرف بزدلی نہیں بلکہ انسانیت پر براہِ راست حملہ ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پہلے سرحدی جارحیت اور اب دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن قوم اور ریاستی ادارے دشمن کے ان مکروہ عزائم کے خلاف متحد اور ہوشیار ہیں۔ سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ بھارتی دہشتگردی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا اور ایسے تمام عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا جو دشمن کے آلہ کار بن کر معصوم جانوں سے کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج ہر قسم کی بھارتی سازش اور دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہیں، اور ہم خضدار جیسے واقعات کو برداشت نہیں کریں گے۔ بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو غمزدہ کیا ہے لیکن یہ دکھ ہمارے حوصلے کو کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے خضدار کے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے ساتھ ہے اور مجرموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔













Leave a Reply