وزیراعلیٰ بلوچستان کا بولان میڈیکل کالج کا دورہ، صحت، تعلیم اور میرٹ پر زور

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بولان میڈیکل کالج کوئٹہ کے دورے کے موقع پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور تعلیم و صحت کے شعبے میں حکومت کی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت سنبھالنے کے بعد سے صحت اور طبی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب فیصلے شفافیت کے بجائے پسند ناپسند کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں تو اداروں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کالج میں طلباء و طالبات کے ہاسٹلز کی تزئین و آرائش، فٹسال گراؤنڈ اور بائیو میٹرک انٹری سسٹم سمیت کئی اہم منصوبوں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے نئی لائبریری کا سنگ بنیاد رکھا اور زیر تعمیر کرکٹ گراؤنڈ کا معائنہ بھی کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بولان میڈیکل کالج نے ہمیشہ بہترین ڈاکٹرز پیدا کیے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ میرٹوکریسی کو اپنانے والے ادارے ہی ترقی کرتے ہیں اور فیورٹزم معاشرے میں بیماریوں کو جنم دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء کی پہلی ترجیح تعلیم ہونی چاہیے، نہ کہ سیاست، اور سیاست صرف رجسٹرڈ جماعتوں و ایسوسی ایشنز تک محدود ہونی چاہیے تاکہ منفی رجحانات کا خاتمہ ہو۔

وزیراعلیٰ نے اساتذہ کو بھی مخاطب کیا اور کہا کہ ان پر نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات اور آئندہ انقلابی اقدامات کا بھی عندیہ دیا۔ وزیراعلیٰ نے تزئین و آرائش میں کردار ادا کرنے والی کنسلٹنٹس اور ڈیزائنرز ٹیم کے لیے 20 لاکھ روپے کیش انعام کا اعلان کیا۔

انہوں نے پرنسپل بی ایم سی کالج کو یقین دہانی کروائی کہ ادارے کی بہتری کے لیے درکار تمام فنڈز حکومت فراہم کرے گی۔ اس موقع پر متعدد صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، سرکاری افسران اور کالج انتظامیہ بھی موجود تھی جنہوں نے تقریب سے خطاب کیا اور حکومتی اقدامات کو سراہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *