کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی امبریلہ اسکیموں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ان اسکیموں کی موجودہ پیش رفت، شفافیت اور مؤثر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں تعلیمی ضروریات کا جامع سروے کرایا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی حقائق کی بنیاد پر کی جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ تخمینہ لاگت اور دستیاب وسائل کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جائے تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہوں اور عوام کو فائدہ پہنچے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پسماندہ اضلاع کو ان اسکیموں میں ترجیح دی جائے تاکہ تعلیمی سہولیات کی یکساں فراہمی ممکن ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ وسائل کی تقسیم ہر قسم کی مصلحت سے بالاتر ہو اور یہ مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ان اسکیموں میں ان اسکولوں کو فوقیت دی جائے جو بنیادی سہولیات سے محروم ہیں تاکہ تعلیم کا معیار بہتر ہو سکے۔
اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں فعال کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام اسکیموں میں شفافیت اور نتیجہ خیزی کو ترجیح دی جائے اور منصوبوں کی تکمیل کے بعد ان کے اثرات کا جائزہ بھی لیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعلیم سے جڑی اسکیموں میں کمیونٹی کی رائے کو مدنظر رکھا جائے تاکہ مقامی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی ہو۔
اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، مشیر بلدیات نوابزادہ بابا امیر حمزہ خان زہری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات حافظ عبدالباسط، پرنسیپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری تعلیم صالح محمد ناصر، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ امبریلہ اسکیموں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے۔













Leave a Reply