وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا انسانیت دوست اقدام: بھارت میں وفات پانے والے آریان کے لواحقین کی بھرپور معاونت

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انڈیا میں زیر علاج وفات پاجانے والے بچے آریان کی والدہ کی اپیل کا فوری نوٹس لیا اور حکومت بلوچستان نے انڈین اسپتال میں ہونے والے تمام علاج کے اخراجات اپنی ذمہ داری پر ادا کر دیے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر حکومت بلوچستان نے وزارت خارجہ پاکستان سے رابطہ قائم کیا تاکہ آریان کے لواحقین کی وطن واپسی کے لیے فوری انتظامات مکمل کیے جا سکیں۔ ترجمان کے مطابق آریان کی ڈیڈ باڈی اور لواحقین کی واپسی کے تمام تر سفری اور فضائی اخراجات بھی حکومت بلوچستان نے برداشت کیے ہیں۔

حکومت بلوچستان لواحقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کی ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے تاکہ غمزدہ خاندان کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آریان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی اور صوبائی حکام کو ہدایت دی کہ آریان کی میت کی واپسی اور لواحقین کی حفاظت و سہولت کے تمام مراحل میں مکمل تعاون اور رہنمائی فراہم کی جائے۔

حکومت بلوچستان کا یہ اقدام نہ صرف انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال ہے بلکہ عوامی خدمت اور احساس ذمہ داری کا عکاس بھی ہے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر کیے گئے یہ اقدامات ثابت کرتے ہیں کہ حکومت بلوچستان اپنے عوام کے ساتھ ہرحال میں کھڑی ہے، چاہے وہ ملک کے اندر ہوں یا بیرون ملک کسی مشکل میں مبتلا ہوں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *