وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا حب کا دورہ اور ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی وزیر میر علی حسن زہری کی دعوت پر حب کا دورہ کیا اور عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ خطاب میں انہوں نے حب کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت صحت اور ترقی کے معیار کو بلند کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حب انڈسٹریل اسٹیٹ کو طویل عرصے سے نظرانداز کیا گیا تھا لیکن موجودہ حکومت اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ انہوں نے حب کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کرنے اور صدر زرداری کی ہدایات پر عمل درآمد کا یقین دلایا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے حب کے لیے کئی اہم منصوبے پیش کیے، جن میں حب ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا قیام، حب ماسٹر پلان کی منظوری، جام غلام قادر اسپتال کو انڈس اسپتال کے سپرد کرنا، ضلعی کونسل اور ٹاؤن کمیٹی کو 25 کروڑ روپے کی فراہمی، ساکران کو تحصیل کا درجہ دینے، لوہی کو ٹاؤن کمیٹی بنانے پر غور، بے نظیر بھٹو نرسنگ کالج کا قیام، اور گڈانی سے حبکو تک 16 کلومیٹر سڑک کی تعمیر شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حب کے مزدوروں اور کسانوں کو بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ میر سرفراز بگٹی نے صنعتکاروں کو حب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور عزم ظاہر کیا کہ حب کو ترقی کا حقیقی مرکز بنایا جائے گا۔ انہوں نے میر علی حسن زہری جیسے مخلص نمائندے کو حب کی ترقی کے لیے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں حب کو ماڈل شہر میں تبدیل کیا جائے گا۔

قبل ازیں، صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے اپنے خطاب میں حب کی ترقی اور عوامی بہبود کے منصوبوں پر روشنی ڈالی اور صدر آصف علی زرداری کی دلچسپی اور کاوشوں کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ نے عوام کو یقین دلایا کہ حب کو بلوچستان کا ترقی یافتہ مرکز بنایا جائے گا اور تمام منصوبوں پر جلد عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *