کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں محکمہ سماجی بہبود کے زیر اہتمام این جی اوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور غیر سرکاری اداروں کا اپنا اپنا کام کرنے کا طریقہ کار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این جی اوز کے ساتھ مل کر صوبے کی ترقی اور عوام کی بہبود کے لیے حکمت عملی وضع کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فلاح و بہبود کے اشتراکی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ کرپشن کو ایک ناسور قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو ایک دم ختم نہیں کیا جا سکتا لیکن اس کے تدارک کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے معاشرے میں کرپٹ پریکٹسز کو روکنے پر زور دیا اور کہا کہ یہ ہر فرد کا فرض ہے۔
محکمہ تعلیم میں میرٹ پر بھرتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جب میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کا عمل شروع کیا گیا تو لوگ جعلی ڈگریاں لے کر آئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں ایسی غیر قانونی حرکات کی روک تھام ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ این جی اوز کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ہر سال کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ بہت سی این جی اوز کے اپنے مخصوص مقاصد ہوتے ہیں، تاہم اچھے اداروں کی حوصلہ افزائی اور غلط سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت تمام افراد کو سرکاری ملازمت فراہم نہیں کر سکتی لیکن اخوت کے ساتھ مل کر پڑھے لکھے نوجوانوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے منصوبے شروع کر سکیں۔ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے ساتھ سامنے آنے کا موقع دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کو دہشت گردی کی مذمت اور اس کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی۔ بلوچستان کے طلباء کے لیے بے نظیر بھٹو اسکالرشپ فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سول شہداء کے بچوں کی سولہ سالہ تعلیم کا خرچہ حکومت برداشت کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹرانس جینڈرز اور اقلیتوں کے لیے بھی خصوصی اسکالرشپ پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے محدود وسائل کے ساتھ پی ایس ڈی پی بنانے کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محکمے اکثر اپنے بجٹ کے مکمل استعمال میں ناکام رہتے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ کوشش کی جائے گی کہ مالی سال کے اختتام سے پہلے تمام بجٹ شفافیت کے ساتھ مطلوبہ منصوبوں پر خرچ ہو۔
اپنی تقریر کے اختتام پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے این جی اوز کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا اور حکومت اور غیر سرکاری اداروں کے درمیان تعاون کے ذریعے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔













Leave a Reply