کوئٹہ: 22 مئی – وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سریاب ملز کوئٹہ کی نمایاں پوزیشن ہولڈر طالبات نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، پارلیمانی سیکرٹری اسفندیار خان کاکڑ، سیکرٹری کالجز محمد صالح بلوچ اور کالج کی لیکچرر میڈیا اسٹڈیز صائمہ بلوچ بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر طالبات نے وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے تعلیم دوست اقدامات کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ نے سانحہ خضدار کے طلباء سے ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار کے طور پر بلوچستان بھر کے اسکولوں اور کالجز میں شمعیں روشن کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد خود گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سریاب ملز کا دورہ کریں گے تاکہ طالبات کے مسائل خود سن سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو حکومت کی “پنک سکوٹی اسکیم” کے تحت اسکوٹیز دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم نسواں حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ خواتین نہ صرف معاشرے کا اہم حصہ ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی معمار بھی ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے کالج کی نمایاں طالبات کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات بھی دیے۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت اپنی تعلیم دوست پالیسی پر مکمل عمل پیرا ہے اور نوجوانوں کو روشن مستقبل دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سریاب ملز کی طالبات کی ملاقات













Leave a Reply