وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات، بلوچستان کی ترقی، امن و امان اور گورننس پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہفتہ کے روز ایوان صدر اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی انتظامی صورتحال، ترقیاتی اقدامات، عوامی فلاح و بہبود اور امن و امان سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے صدر مملکت کو آگاہ کیا کہ صوبائی حکومت گورننس کو بہتر بنانے، عوامی خدمات کی فراہمی کو مؤثر بنانے اور سیکیورٹی کی بہتری کے لیے ایک جامع اور قابل عمل حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد حکومت کی پالیسیوں کو عوام کے لیے نتیجہ خیز بنانا اور بہتر سروس ڈلیوری کے ذریعے شہریوں کی مشکلات کو بتدریج کم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جاری اصلاحات اور ان کے مثبت نتائج کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، تاکہ بلوچستان کو ایک پُرامن اور ترقی یافتہ خطہ بنایا جا سکے۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ نے صدر مملکت کو جاری ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر کی بہتری، اور عوامی فلاح کے لیے حکومت کی جانب سے اُٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تعلیم، صحت، مواصلات اور بنیادی سہولیات کے شعبوں میں اصلاحات اور سرمایہ کاری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ موجودہ صوبائی حکومت کی قیادت میں بلوچستان جلد ہی ایک پُرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ صوبہ بن جائے گا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *