وزیر اعلیٰ بلوچستان سے گل مینا بلال کی ملاقات، فنی تعلیم اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر تبادلہ خیال

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کی چیئرپرسن گل مینا بلال نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں فنی تعلیم، آئی ٹی ٹریننگ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ پانچ سالوں میں بلوچستان کے تیس ہزار نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھا کر بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، تاکہ نہ صرف انہیں معاشی خودمختاری حاصل ہو بلکہ وہ صوبے کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت میرٹ کو ہر شعبے میں فروغ دے رہی ہے اور فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے نظام کو شفاف بنایا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو ان کی قابلیت کے مطابق مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت اور تعلیم میں بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت شفافیت اور دیانت داری کے اصولوں پر کاربند ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں اور ان کا ریاست پر اعتماد بحال کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ نہ صرف بہتر روزگار حاصل کر سکیں بلکہ ملکی معیشت کو بھی مضبوط بنا سکیں۔ ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کی تربیت کے ذریعے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جائے گا، تاکہ وہ عالمی سطح پر بھی مسابقت کے قابل بن سکیں۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *