وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ایرانی سفیر کی ملاقات: تجارتی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون پر بات چیت

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان میں تعینات جمہوری اسلامی ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ایران کے مابین تجارتی، تعلیمی اور ثقافتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی سفیر نے تجارتی حجم میں اضافے، تعلیمی اسکالرشپس اور ٹیکنیکل ایجوکیشن سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو دورہ ایران کی دعوت دیتے ہوئے سیستان میں بلوچ گورنر کی تقرری کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ایرانی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایران کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین مضبوط تعلقات تاریخی اہمیت رکھتے ہیں اور دونوں ممالک دکھ سکھ میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے تجارتی حجم میں اضافے اور غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ بلوچستان کے بارڈر سے متعلق مسائل کو مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تجارت کے مسائل اور تجاویز وفاقی وزارت تجارت کے سامنے رکھی جائیں گی تاکہ ان کا عملی حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ریجن میں امن و امان قائم ہونے سے تجارت بڑھے گی اور اسمگلنگ کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ اس مقصد کے لیے اسلام آباد میں نشست منعقد کرنے کا بھی ارادہ ہے جس میں چیمبرز آف کامرس کے عہدیداران کو مدعو کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ کسی ایرانی تاجر کے قانونی مال بردار کنٹینر یا ٹرک کو بلوچستان میں تنگ نہیں کیا جائے گا اور ایرانی قونصلیٹ کو اس حوالے سے نمائندہ مقرر کرنے کی تجویز دی تاکہ کسی مسئلے کی فوری نشاندہی ہو سکے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران میں بھی پاکستانی تاجروں کو غیر ضروری مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ایرانی سفیر کی جانب سے تعلیمی اسکالرشپ کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی قونصلیٹ اور بلوچستان حکومت کے حکام مل کر اسکالرشپ پروگرام سے متعلق جامع لائحہ عمل مرتب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں مقیم ہزارہ کمیونٹی کے لیے خصوصی تعلیمی اسکالرشپ پروگرام مرتب کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے آغاز کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ طلبہ کی تعلیم اور فنی تربیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے سیستان ایران میں بلوچ گورنر کی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی سفیر کی دعوت قبول کر لی اور کہا کہ وہ جلد ہی وفد کے ہمراہ ایران کا دورہ کریں گے تاکہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *