وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں ایک اہم وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع، اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری اور دیگر سینئر صوبائی رہنما بھی شریک تھے۔ اس ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، سیاسی تناؤ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے جاری دھرنے سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
جمعیت علمائے اسلام کے وفد نے موجودہ سیاسی بحران میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی اور کہا کہ وہ مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے وفد کو حکومت کے موقف سے آگاہ کیا اور واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کی بحالی حکومت اور اپوزیشن دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ہمیشہ ایک ذمہ دار سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئی ہے، چاہے وہ حکومت کا حصہ ہو یا اپوزیشن میں، اور اس کا مثبت کردار قابل تحسین ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت تمام سیاسی مسائل کا حل مشاورت اور بات چیت کے ذریعے چاہتی ہے، اور جمہوری روایات کو فروغ دینے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور امید ظاہر کی گئی کہ تمام فریقین بلوچستان میں امن و ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔













Leave a Reply