وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا دورہ ڈیووس عالمی سطح پر بلوچستان کی ترقیاتی ویژن اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع ثابت ہوا۔ سوئزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کے 53ویں اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بلوچستان کی نمایندگی کی اور دنیا کو اس خطے کی ترقیاتی صلاحیتوں اور قدرتی وسائل سے آگاہ کیا۔
پاکستان پویلین کے تحت منعقدہ تقریب “بلوچستان بریک فاسٹ” میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے بلوچستان کے قدرتی وسائل، ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں اور بین الاقوامی مبصرین کو بلوچستان میں شراکت داری کی دعوت دی اور یقین دلایا کہ حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر اعلیٰ کے خطاب کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جہاں ہیش ٹیگ #CMBalochistanAtDavos دنیا بھر میں ٹرینڈ کر رہا ہے۔ صارفین نے وزیر اعلیٰ کے اقدامات کو سراہا اور بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے امید کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان دنیا کے لیے ایک پرکشش مقام بن رہا ہے اور ہم اس کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔
تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں، بین الاقوامی مبصرین اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی، جنہوں نے بلوچستان کے بارے میں فراہم کی گئی معلومات کو سراہا۔ اس دورے نے عالمی سطح پر بلوچستان کی نمایندگی کو مزید مستحکم کیا اور اس کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق یہ دورہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ میر سرفراز بگٹی کے دورہ ڈیووس نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ بلوچستان ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے اور عالمی شراکت داری کے ذریعے اسے مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔













Leave a Reply