وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) اور یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) کے عہدے داروں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، صوبائی وزراء، پارلیمنٹیرینز اور بلوچستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ملاقات کے آغاز میں سانحہ خضدار کے شہداء کے لیے دعا کی گئی اور ان کی مغفرت کے لیے ایصال ثواب کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو ایک محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کی تجاویز کو خوش دلی سے سنا جائے گا اور ان پر عملدرآمد کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اکنامک زونز کی ڈیویلپمنٹ میں FPCCI اور UBG کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں کان کنی، شمسی توانائی، آئل اینڈ گیس اور دیگر کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت ہمیشہ قانونی تجارت کی حوصلہ افزائی اور سمگلنگ کی حوصلہ شکنی کرتی آئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرمایہ کار صوبے میں صنعتیں قائم کریں تاکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں اور صوبے کی معیشت مستحکم ہو۔
ملاقات کے اختتام پر FPCCI اور UBG کے صدور و دیگر عہدے داران نے وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو سراہا اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سی ای او بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ، بلال خان کاکڑ کی خدمات کو بھی سراہا اور صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ میں ان کی کوششوں کی خصوصی طور پر تعریف کی۔













Leave a Reply