وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کمانڈر بلوچستان کور کی جانب سے ایک پروقار تقریب میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد میں ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ ہائی اچیومنٹ ایوارڈز کی اس تقریب میں قائم مقام گورنر، صوبائی وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی اور پاک فوج کی جانب سے عوام کی خدمت اور ریاستی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح پیغام دیا کہ ہارڈ کور دہشت گردوں کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریاست کی رٹ ہر حال میں قائم رکھی جائے گی اور کسی بھی گروہ کو صوبے میں شاہراہوں یا سڑکوں کی بندش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان حکومت ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔
جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس حملے میں ملوث دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے، اور جو عناصر ان دہشت گردوں کی لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں، وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا تحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے اور بلوچستان میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ریاست مخالف عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام صرف ترقی، خوشحالی اور امن چاہتے ہیں، اور حکومت ہر صورت میں ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔













Leave a Reply