وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژن صدور اور جنرل سیکرٹریز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کی تقاریب کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان بھر میں محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر تقریبات منعقد کی جائیں گی اور انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو تاریخ کی ایک عظیم رہنما تھیں جن کی قربانیاں اور جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی ایک عام کارکن ہیں اور کارکن کی حیثیت سے برسی کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر کارکن محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن اور نظریات کا وارث ہے اور ان نظریات کو عوام تک پہنچانا ہر کارکن کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پارٹی کے کارکن عوامی مسائل کی نشاندہی کریں اور ان کے حل کے لیے نچلی سطح پر کام کریں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے سروس ڈلیوری کے نظام میں بہتری لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژن صدور اور جنرل سیکرٹریز نے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اصلاحات اور گڈ گورننس کے عمل کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔













Leave a Reply