شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کی تقریب، کوئٹہ میں بھرپور انداز میں منائی گئی

دختر مشرق، مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کی پُر وقار تقریب کوئٹہ میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزراء، سینئر پارٹی رہنماؤں، ارکان اسمبلی اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر اپنی بصیرت افروز قیادت کا لوہا منوایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹو خاندان کا پاکستان پر احسان ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام دراصل پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے ویژن کا مظہر ہے، اور محترمہ بینظیر بھٹو نے ہی ملک کے میزائل پروگرام کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی فورمز پر پاکستان کا مؤقف جرات مندی سے پیش کیا اور دنیا کو باور کرایا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، جبکہ بھارت جارحانہ عزائم رکھتا ہے۔

تقریب سے صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی، ایم پی اے علی مدد جتک، سینئر رہنماء صابر بلوچ، سید اقبال شاہ، اور کوئٹہ ڈویژن کے صدر سردار خیر محمد ترین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے محترمہ کی جمہوری خدمات، عوام دوستی، اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ نے اپنی حکومت کے ترقیاتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بے نظیر بھٹو کے وژن کے مطابق ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ:

بلوچستان میں “پیپلز ایئر ایمبولینس” جلد فعال کر دی جائے گی۔

سریاب تا کچلاک “پیپلز ٹرین سروس” کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے۔

تاریخ میں پہلی بار “بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام” شروع کیا گیا ہے۔

تعلیم، صحت، اور سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

این آئی سی وی ڈی منصوبہ مکمل ہو چکا ہے، جس کا افتتاح چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔

سیلاب متاثرین کے لیے 8 ہزار مکانات کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، اور جلد چابیاں تقسیم کی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو ہر ملاقات میں کارکنوں اور متاثرین کی خیریت دریافت کرتے ہیں، جو پارٹی کے عوام دوست رویے کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو ایک مدبر سیاستدان، شفیق ماں، اور عوام کی حقیقی ترجمان قرار دیا۔

آخر میں محترمہ کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، اور ان کی یاد میں نعرے بلند کیے گئے۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا:
“پیپلز پارٹی نے ہمیں عزت دی، ہم اسے عوامی خدمت کے ذریعے لوٹائیں گے۔ یہ جماعت، یہ مشن، اور یہ نظریہ ہماری طاقت اور مستقبل ہے۔”

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *