کوئٹہ میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچستان یوتھ ایمپاورمنٹ اینڈ انگیجمنٹ انیشیٹو کے تحت مختلف شعبوں میں تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کو اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور باصلاحیت طلباء و طالبات کی کارکردگی کو سراہا۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے باہنر نوجوان ہی صوبے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں و جدید ہنر کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور انہیں بدلتے وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پروگرام میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 46 طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپس دیے گئے، جب کہ تربیت مکمل کرنے والے تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹس بھی جاری کیے گئے۔ اس موقع پر ملک کی نمایاں آئی ٹی اور سافٹ ویئر کمپنیوں نے بھی 50 نوجوانوں کے لیے ملازمت اور انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے کا اعلان کیا، جسے اس منصوبے کی کامیابی کی اہم علامت قرار دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے اس اقدام کو صوبے میں معاشی خود کفالت اور نوجوانوں کی ترقی کی سمت میں اہم قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی صرف اسی صورت ممکن ہے جب نوجوانوں کو مرکزی حیثیت دی جائے اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جائے۔
اب تک اس انیشیٹو کے تحت بلوچستان بھر سے چھ ہزار سے زائد نوجوانوں کو مختلف جدید شعبہ جات میں تربیت دی جا چکی ہے۔ یہ پروگرام نہ صرف نوجوانوں کے لیے نئی راہیں کھول رہا ہے بلکہ صوبے کی مجموعی ترقی و خوشحالی میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔













Leave a Reply