وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کچھی میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران 27 دہشت گردوں کی ہلاکت امن دشمن عناصر کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور ان کی خدمات کی بدولت بلوچستان میں امن و امان کے قیام کی امیدیں مزید روشن ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ اور ترقی کے دشمنوں کے خلاف جنگ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تباہی ایک بڑی کامیابی ہے جو امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو گی۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی اور امن کو نقصان پہنچانے والوں کو ناکام بنا دیا جائے گا اور قوم و فورسز مل کر صوبے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن و امان کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو ایک محفوظ اور خوشحال ماحول فراہم کیا جا سکے۔
Leave a Reply