بلوچستان کا عوامی فلاح پر مبنی بجٹ، اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل

کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بجٹ کی تشکیل سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز، جن میں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ، عوامی نیشنل پارٹی، جماعت اسلامی اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) شامل ہیں، نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بجٹ کی تیاری کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ارکان اسمبلی کی تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا جائے گا تاکہ بجٹ زیادہ جامع اور زمینی حقائق کے مطابق ہو۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بجٹ کی تشکیل میں عوامی ضروریات کو مقدم رکھا جا رہا ہے اور یہ دستاویز بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور فلاح کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ہر علاقے کو اس کا جائز حصہ مل سکے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت، روزگار اور امن و امان کو بجٹ میں خصوصی ترجیح دی جائے گی تاکہ صوبے کی مجموعی ترقی اور عوام کی زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔

اجلاس میں شریک تمام پارلیمانی رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ کی قیادت میں بجٹ سازی کے عمل پر اعتماد کا اظہار کیا اور اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جو بلوچستان کی سیاسی ہم آہنگی اور اجتماعی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *