بلوچستان حکومت کا پاکستان ریلویز کے تعاون سے “پیپلز ٹرین” سروس شروع کرنے کا فیصلہ

حکومت بلوچستان نے عوام کو جدید، آرام دہ اور با سہولت سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان ریلویز کے اشتراک سے “پیپلز ٹرین” سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس میں مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ، پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ابتدائی طور پر یہ ٹرین سروس کوئٹہ کے نواحی علاقوں سریاب اور کچلاک کے درمیان چلائی جائے گی جس کا مقصد شہریوں کو محفوظ، سستی اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پانچ موجودہ ریلوے اسٹیشنز کو اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ دو نئے اسٹیشن تعمیر کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریلوے ٹریک کو جدید خطوط پر استوار کر کے ٹرین کی رفتار اور حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ پاکستان ریلویز اور محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ منصوبے کو جلد از جلد قابلِ عمل بنائیں۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز ٹرین سروس سے نہ صرف کوئٹہ بلکہ اس کے گرد و نواح کے شہریوں کو روزمرہ سفر میں سہولت، وقت کی بچت اور آرام دہ ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے اس منصوبے کو “عوامی سہولت، سستی ٹرانسپورٹ اور جدید سفری نظام کے خواب کی تعبیر” قرار دیا اور کہا کہ جدید ریلوے اسٹیشنز سے شہریوں کو ایک محفوظ اور باوقار سفری ماحول ملے گا۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان ٹرانسپورٹ کے شعبے میں دیرپا اور عوام دوست منصوبے لا رہی ہے اور پیپلز ٹرین سروس ترقی کی جانب پہلا قدم ہے۔ اس کے بعد دیگر اہم منصوبوں پر بھی عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پاکستان ریلوے کا فٹبال گراؤنڈ فعال کیا جائے گا اور محکمہ کھیل بلوچستان اس میں بنیادی سہولیات فراہم کر کے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *