بلوچستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کی بہتری کے لیے اہم اجلاس

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی صدارت میں آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ اور سیلولر آپریٹرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی اور بہتری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ ایاز خان مندوخیل نے تفصیلی بریفنگ دی اور موجودہ چیلنجز کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کو گورننس کی بہتری کے لیے استعمال کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انٹرنیٹ سروسز کی بہتری اور ان کے مؤثر ریگولیشن کے حوالے سے ایک جامع پالیسی مرتب کی جائے تاکہ بلوچستان کے مخصوص حالات کے مطابق اس شعبے کو ترقی دی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سوشل میڈیا کو بعض ریاست مخالف عناصر نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جس کا سدباب کرنا ضروری ہے۔ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے گمراہ کرنے کی کوششوں کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ مثبت سوچ کو فروغ دیا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ جدید ٹیکنالوجی کو عوامی سہولت، امن و امان، زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے کی بہتری کے لیے استعمال کیا جائے۔ اس موقع پر پی ٹی اے حکام کو ہدایت کی گئی کہ آئندہ اجلاس میں تفصیلی سفارشات کے ساتھ رپورٹ پیش کی جائے تاکہ انٹرنیٹ سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے اور اس کے مؤثر ریگولیشن کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔ اجلاس میں شریک ماہرین اور حکام نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *