بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کا بی این پی کے بیان پر ردعمل

بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی و قانونی حق ہے، تاہم اس وقت قومی شاہراہوں پر دفعہ 144 نافذ ہے، جس کی خلاف ورزی قانون کے دائرے میں آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کو احتجاج کے لیے متعلقہ انتظامیہ سے اجازت لینا چاہیے تاکہ قانون کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ بی این پی مینگل کی ہڑتال کی کال پر عوام نے جو ردعمل دیا، وہ نوشتہ دیوار ہے۔ عوام نے غیر ضروری ہڑتالوں اور سڑکیں بلاک کرنے جیسے اقدامات کو مسترد کر دیا ہے، کیونکہ اس سے عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے خواتین خودکش حملہ آوروں کے مسئلے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ عزت و غیرت کے تقاضے اس وقت کیوں خاموش ہو جاتے ہیں جب خواتین کو شدت پسندی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے؟ اگر ریاست مخالف عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے تو مفاداتی ایجنڈے کے تحت عزت و غیرت کا کارڈ استعمال کر کے ریاستی اقدامات کو متنازع بنانے کی کوشش کی جاتی ہے، جو کسی طور قابل قبول نہیں۔

شاہد رند نے واضح کیا کہ ریاست ہر شہری کی عزت نفس کی محافظ ہے اور شدت پسندی کی کسی بھی شکل میں حوصلہ افزائی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اپنی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور قانون شکن عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ خواتین کو ڈھال بنا کر ریاست کو چیلنج کرنے والوں کو لازمی جواب دینا ہوگا، اور اس معاملے میں کوئی تفریق نہیں برتی جائے گی۔ قانون سب کے لیے برابر ہے، اور جو بھی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *