حکومت بلوچستان نے تمام اسکولوں میں قومی ترانہ پڑھنا اور پاکستان کا جھنڈا لہرانا لازمی قرار دے دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا، جس میں تمام متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تعلیمی ادارے نہ صرف تعلیمی سرگرمیوں کا مرکز ہوتے ہیں بلکہ طلبہ میں حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے جذبات اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سرکاری ملازمین کو قومی مفاد کے خلاف کسی بھی سرگرمی میں ملوث ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھی ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اضلاع میں ان احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور اسکولوں میں قومی پرچم کشائی اور قومی ترانے کو معمول کا حصہ بنائیں۔
بلوچستان حکومت کے اس اقدام کا مقصد نوجوان نسل میں پاکستانیت کے جذبے کو فروغ دینا اور انہیں قومی یکجہتی کی اہمیت سے روشناس کرانا ہے۔ اس فیصلے کے تحت صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں ایک منظم حکمت عملی کے تحت طلبہ میں قومی تشخص کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے ملک کے ساتھ وفاداری اور وابستگی کو مزید مضبوط کر سکیں۔













Leave a Reply