حکومت بلوچستان کا ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے عملی اقدامات

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے دس سالہ ترقیاتی پلان پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں تعلیم، صحت، گورننس کی بہتری، بلدیاتی اداروں کی فعالیت اور تصورِ امید فاؤنڈیشن کے تعاون سے یونین کونسل سطح پر تعلیمی اداروں کے قیام جیسے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اگر تصورِ امید فاؤنڈیشن کی معاونت سے ان منصوبوں پر کامیابی سے عملدرآمد کر لیا گیا تو صوبے میں اسکول سے باہر موجود بچوں کی ایک بڑی تعداد کو تعلیمی سہولتیں فراہم کی جا سکیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان تعلیمی میدان میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں تعلیمی اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے تصورِ امید فاؤنڈیشن کی معاونت کی پیشکش کو حکومتی اہداف کی تکمیل میں غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے صحت اور گورننس کے شعبوں میں بھی بہتری کے لیے ٹھوس منصوبوں پر تیز رفتار پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔ بلدیاتی اداروں کی فعالیت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان اداروں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو مقامی سطح پر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اجلاس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط نے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت دی کہ تمام منصوبوں کو شفافیت اور مؤثر حکمت عملی کے تحت مکمل کیا جائے تاکہ ترقیاتی عمل کے ثمرات عوام تک جلد از جلد پہنچ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عملدرآمد میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی میر ظہور احمد بلیدی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند، ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *