بلوچستان میں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اہم پیش رفت: کینسر، ڈائیلاسز اور گردوں کی پیوندکاری کی مفت سہولت

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے ریزرو فنڈ کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے تاکہ صوبے میں کینسر اور ڈائیلاسز کے مریضوں کو بلا تعطل علاج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس اقدام کا مقصد مستحق مریضوں کو مالی دباؤ سے نجات دلانا اور ان کے علاج کو یقینی بنانا ہے۔ وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے مطابق بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف نیفرالوجی اینڈ یورولوجی کوئٹہ (BINUQ) نے بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت گردوں کی پیوندکاری کی مفت سہولت کا آغاز کر دیا ہے، جو کہ ایک تاریخی اقدام ہے۔ اس سہولت سے وہ مریض جو مہنگے علاج کے باعث پریشان تھے، اب بغیر کسی مالی بوجھ کے مستفید ہو سکیں گے۔

وزیر صحت نے واضح کیا کہ صحت کی سہولیات بلوچستان کے ہر شہری کا بنیادی حق ہیں اور ان کی فراہمی میں کسی قسم کا طبقاتی، نسلی یا مذہبی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔ “صحت سب کے لیے” کے عزم کے ساتھ صوبائی حکومت نے صحت کے شعبے میں اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی کے لیے کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ یہ تمام اقدامات ایک صحت مند اور خوشحال بلوچستان کی جانب عملی قدم ہیں جہاں ہر فرد کو معیاری طبی سہولت میسر ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *