بلوچستان کے وزیراعلیٰ کا بھارت کے جارحانہ اقدامات پر سخت ردعمل اور صوبے کی ترقی پر زور

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور جو بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھے گا، اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے گزشتہ شب بھارت کی جانب سے پاکستان پر بلا اشتعال اور بلا جواز حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاک فوج اور پاک فضائیہ نے بھارتی لڑاکا طیاروں کو کامیابی سے مار گرایا اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

وزیر اعلیٰ نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے زیر اہتمام “رائزنگ بلوچستان اینڈ یوتھ انویشنز” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دہشت گردانہ عزائم رکھنے والا ملک ہے جو بلوچستان میں دہشت گرد تنظیموں کو سپورٹ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری اور مواقعوں کی سرزمین ہے اور یہاں کے قدرتی وسائل ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذرائع ابلاغ میں وقت کے ساتھ جدت آئی ہے اور جدید دور میں ڈیجیٹل پریس کا کردار مزید بڑھ گیا ہے۔ نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے صوبے کے مثبت عکس کو اجاگر کریں اور اپنی توانائیوں کو مثبت اور تعمیری انداز میں صوبے کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے استعمال کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت جلد ہی ایک ڈیجیٹل میڈیا پالیسی لا رہی ہے تاکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا صوبے کی تعمیر و ترقی اور پیشہ ورانہ استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے صوبے کے ڈیویلپمنٹ بجٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو کہ صوبے کے رقبے کے حساب سے قلیل ہیں، تاہم موجودہ حکومت اس بجٹ کا بطریق احسن استعمال کر رہی ہے اور جون تک تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام مکمل کر لیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں زیادہ سے زیادہ روزگار پیدا کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہونہار طلباء و طالبات، شہداء اور مزدور کے بچوں کے لیے بے نظیر اسکالرشپ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن پر بھرپور انداز سے عمل درآمد جاری ہے۔

انہوں نے اخوت کے اشتراک سے نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان اقساط پر قرضے فراہم کرنے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو فنی اور تکنیکی تعلیم فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے تاکہ وہ ملک اور دنیا کے کسی بھی حصے میں روزگار حاصل کر سکیں۔

تقریب میں موجود طلباء اور طالبات نے وزیر اعلیٰ سے سوالات بھی کیے جن کے انہوں نے تفصیلی جوابات دیے۔ اس موقع پر تقریب سے وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بلال خان کاکڑ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ڈاکٹر فیصل، وائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید، پارلیمانی سیکریٹریز عبدالمجید بادینی اور میر لیاقت لہڑی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *