وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے محکمہ بلدیات اور دیگر صوبائی خودمختار اداروں کے لیے خودکار مالی مینجمنٹ نظام کا افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزراء، مشیر بلدیات نوابزادہ بابا امیر حمزہ خان زہری اور اعلیٰ سول حکام نے شرکت کی۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن حمزہ شفقات نے تقریب میں وزیر اعلیٰ کو نئے نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
اس نظام کے تحت آئندہ تمام مالی امور کو SAP سسٹم کے تحت مربوط کیا جائے گا تاکہ مالیاتی نظم و نسق میں بہتری لائی جا سکے۔ بریفنگ کے مطابق اس نظام کا آغاز پہلے مرحلے میں کوئٹہ سے کیا جا رہا ہے، جہاں میٹروپولیٹن کوئٹہ کو اس سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔ اس منتقلی کے بعد نہ صرف اخراجات کا درست اندازہ لگایا جا سکے گا بلکہ گھوسٹ ملازمین کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔
وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ یہ نیا خودکار مالی نظام یکم جون 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔ میر سرفراز بگٹی نے اس اقدام کو مالی شفافیت کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ نظام محکمہ لوکل گورنمنٹ کے مالی معاملات میں شفافیت لائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت آٹومائزیشن کے اس عمل کو بتدریج دیگر محکموں تک وسعت دے گی تاکہ ہر شعبے میں شفافیت اور میرٹ پر مبنی نظام قائم ہو۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن اور جدید نظاموں کی طرف بڑھ رہی ہے اور ہمیں بھی اس تبدیلی سے ہم آہنگ ہونا ہوگا تاکہ ترقی کے سفر میں ہم کسی سے پیچھے نہ رہیں۔













Leave a Reply