بلوچستان میں زرعی کاروبار کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی ورکشاپ کا انعقاد

بلوچستان میں زرعی کاروبار کے فروغ اور ایک جامع روڈ میپ کی تیاری کے حوالے سے کوئٹہ میں ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ورکشاپ یورپی یونین کے مالی تعاون اور GIZ کے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سیکٹر سپورٹ پروگرام کے تحت منعقد کی گئی، جس کا مقصد صوبے میں زرعی کاروبار کے لیے ایک سنٹر آف ایکسیلینس قائم کرنا ہے۔ یہ سینٹر لسبیلہ ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز یونیورسٹی (LUAWMS) میں قائم کیا جائے گا۔ ورکشاپ میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، محکمہ زراعت، لائیو اسٹاک، فشریز، فوڈ، انڈسٹریز، NAVTTC، B-TEVTA، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، GIZ اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام، سول سوسائٹی اور زرعی ماہرین نے شرکت کی۔

شرکاء نے بلوچستان میں زرعی کاروبار کی ترقی، جدید رجحانات کے نفاذ، پیداوار میں اضافے، خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے، فوڈ سیکیورٹی، اور روزگار کے مواقع میں اضافے پر تفصیلی مشاورت کی۔ مقررین نے یورپی یونین کی جانب سے بلوچستان میں زرعی کاروبار میں سرمایہ کاری کے عزم کو سراہا اور نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے اقدامات کی تعریف کی۔ اس ورکشاپ میں اس منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی، جو صوبے میں معاشی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غربت کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں زرعی کاروبار کا فروغ صوبے کی معیشت میں نمایاں تبدیلی لا سکتا ہے اور غذائی تحفظ کو یقینی بنا سکتا ہے۔

شرکاء نے LUAWMS میں سنٹر آف ایکسیلینس کے قیام کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ اس اقدام سے زرعی شعبے میں جدید اصلاحات متعارف کرانے کی رفتار تیز ہوگی۔ اس طرح کے اقدامات پائیدار ترقی، بہتر ویلیو چینز، اور زرعی کاروبار کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ورکشاپ کے اختتام پر تمام اسٹیک ہولڈرز نے بلوچستان میں زرعی کاروبار کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس مشاورتی عمل کے نتیجے میں تیار کردہ روڈ میپ مستقبل کی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کی رہنمائی کرے گا، جس سے صوبے میں ایک مستحکم اور ترقی یافتہ زرعی کاروباری ماحول پروان چڑھے گا۔ یورپی یونین، GIZ اور NAVTTC کا یہ اقدام بلوچستان میں زرعی کاروبار کی صلاحیت کو اجاگر کرنے اور صوبے کے عوام کے لیے معاشی خوشحالی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کی ایک مشترکہ کوشش کا حصہ ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *