وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات میں سڑکوں کی حالت کا مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے جائزہ لینے کے منصوبے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سسٹم کی تفصیلات پر بریفنگ دی گئی، جس میں سڑکوں کی نگرانی اور ڈیجیٹل معائنے کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر جان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند، سیکرٹری آئی ٹی ایاز خان مندوخیل اور سیکرٹری مواصلات لعل جان جعفر بھی شریک تھے۔
وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ اس نظام کے تحت بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں سڑکوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی، جو کہ انفراسٹرکچر کی بہتری اور منصوبوں کی شفاف نگرانی کے لیے نہایت اہم قدم ہوگا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ روایتی طریقوں سے ہٹ کر ہمیں اب ٹیکنالوجی سے جڑے سمارٹ حل اپنانے ہوں گے تاکہ ترقیاتی منصوبے زیادہ مؤثر اور شفاف انداز میں مکمل ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سڑکوں کی ناقص حالت عوام کے لیے تکلیف دہ بن چکی ہے، اور اس کے حل کے لیے جدید اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی کاموں میں مالی وسائل کا ضیاع روکا جانا چاہیے اور ہر منصوبہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں کے معیار، مدت اور پائیداری پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں ہوگا۔
اجلاس کے اختتام پر وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی اس نظام کو قابل عمل بنانے کے لیے مزید مشاورت کی جائے اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔













Leave a Reply