حکومتِ بلوچستان اور نیشنل بینک کا عوامی سہولت کے لیے اہم اقدام

حکومتِ بلوچستان اور نیشنل بینک آف پاکستان کے درمیان ایک اہم باہمی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت صوبے میں طلبہ، ورکنگ ویمن اور عام شہریوں کو الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹیز کی فراہمی کے لیے آسان فنانسنگ کی سہولت دی جائے گی۔ اس معاہدے کی دستاویزات چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی موجودگی میں دستخط کی گئیں، جہاں صوبائی وزراء، اعلیٰ سرکاری افسران اور نیشنل بینک کے سینئر حکام بھی شریک تھے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ عوام، خصوصاً طلبہ اور کام کرنے والی خواتین کو باوقار، محفوظ اور کم خرچ سفری سہولیات میسر آئیں۔ ان کے مطابق سبسڈائزڈ اقساط پر الیکٹرک اسکوٹیز کی فراہمی نہ صرف روزمرہ سفر کو آسان بنائے گی بلکہ عوام کے مالی بوجھ میں بھی کمی لائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ الیکٹرک گاڑیاں ایندھن کے متبادل کے طور پر کم لاگت اور کم آلودگی کا باعث بنتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ایسے تمام منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرے گی جن کے فوائد براہِ راست عوام تک پہنچیں اور جن سے عام شہریوں کی زندگی میں عملی بہتری آئے۔
آخر میں میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ بلوچستان نوجوانوں، خواتین اور عوام کو بااختیار بنانے کے لیے فلاحی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ صوبے میں ترقی، سہولت اور خودمختاری کو فروغ دیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *