ایس او ایس چلڈرن ولیج میں نئے سال کی خوشیوں بھری تقریب

کوئٹہ میں ایس او ایس چلڈرن ولیج کے زیرِ کفالت بچوں نے نئے سال 2026 کا استقبال خوشی، محبت اور مسکراہٹوں کے ساتھ کیا۔ نئے سال کی اس پُرمسرت تقریب کو مزید یادگار بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر بچوں کے لیے کیک اور تحائف کا اہتمام کیا گیا، جس سے بچوں کی خوشیاں دوچند ہو گئیں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بچے کسی بھی معاشرے کا روشن مستقبل ہوتے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور خوشیوں کا خیال رکھنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس او ایس چلڈرن ولیج جیسے ادارے بے سہارا اور مستحق بچوں کے لیے امید اور تحفظ کی علامت ہیں، اور صوبائی حکومت ان فلاحی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ نئے سال کا آغاز بچوں کی مسکراہٹوں کے ساتھ کرنا اس عہد کی تجدید ہے کہ بلوچستان حکومت بچوں کے محفوظ، خوشحال اور روشن مستقبل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ نیا سال بچوں سمیت پوری قوم کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے۔
تقریب کے اختتام پر بچوں نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی توجہ، شفقت اور تعاون پر دلی شکریہ ادا کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *