کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف شاندار اور فیصلہ کن کامیابی پر قومی ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے فائنل جیسے اہم اور دباؤ والے مقابلے میں بلے بازی اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم پر واضح برتری ثابت کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ نوجوان شاہینوں کی منظم اور مؤثر باؤلنگ نے بھارتی بیٹنگ لائن کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، جبکہ پاکستانی بلے بازوں نے اعتماد، مہارت اور ذمہ داری کے ساتھ کھیلتے ہوئے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔ ان کے مطابق یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے بلند حوصلے، سخت محنت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی عکاس ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ فتح ہمیشہ انہی قوموں اور ٹیموں کا مقدر بنتی ہے جو خود اعتمادی، حوصلے اور قومی جذبے کے ساتھ میدان میں اترتی ہیں۔ انہوں نے اس تاریخی کامیابی پر پوری قوم، قومی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح نہ صرف پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ ملک میں کرکٹ کے روشن اور تابناک مستقبل کی امید بھی ہے۔
انڈر 19 ایشیا کپ میں تاریخی فتح، وزیراعلیٰ بلوچستان کی پاکستانی شاہینوں کو مبارکباد













Leave a Reply