بلوچستان میں صحافیوں کی فلاح کے لیے جرنلسٹ ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز—وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا اعلان

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں جرنلسٹ ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے صحافی مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں اور حکومت کو ان کی مالی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ورکرز کی کم تنخواہوں اور محدود وسائل کو دیکھتے ہوئے ایک جامع ہاؤسنگ منصوبہ شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت صحافیوں کو صرف پلاٹس نہیں بلکہ مکمل تیار فلیٹس فراہم کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے زمین مختص کر دی گئی ہے اور حکومت کا ہدف ہے کہ ایک سال کے اندر فلیٹس مکمل کرکے ان کی چابیاں صحافیوں کے حوالے کر دی جائیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت معاشرے کی مضبوط بنیاد ہے اور بلوچستان کے صحافیوں نے ہمیشہ خطرات کے باوجود پیشہ ورانہ کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کے لیے یہ اسکیم کسی احسان کے طور پر نہیں بلکہ ان کا حق سمجھ کر شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کم تنخواہ والے میڈیا ورکرز اور شہید صحافیوں کے اہل خانہ کو بلا معاوضہ فلیٹس دیے جائیں گے، جبکہ شہداء کے بچوں کی تعلیم کے تمام اخراجات بھی صوبائی حکومت برداشت کرے گی، چاہے وہ ملک کے نامور اداروں میں پڑھیں یا بین الاقوامی جامعات میں۔

تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فلیٹس کی تقسیم میرٹ کے مطابق کی جائے گی اور غریب صحافیوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے مفت یونٹس ملیں گے، جبکہ دیگر اہل امیدواروں کو نصف قیمت پر آسان اقساط میں فلیٹس فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو ہدایت دی کہ اسکیم پر فوری کام شروع کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے امن و امان کے مسائل پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ماضی میں ریاست مخالف عناصر نوجوانوں کو اغواء کر کے تاوان مانگتے رہے ہیں اور کئی واقعات صحافیوں کے خدشات کے باعث رپورٹ نہیں ہو پاتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہنا ہمیشہ مشکل تھا مگر انہوں نے اپنا مؤقف کبھی نہیں بدلا اور آج بھی ریاست کے ساتھ ایک ہی صف میں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جنگ کے بینیفشری نہیں بلکہ متاثرین میں شامل ہیں اور 280 شہداء کے خاندان آج بھی ان کی ذمہ داری ہیں۔

تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ نے جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کے کاغذات صدر پریس کلب عرفان سعید اور سینئر صحافیوں کے حوالے کیے۔ پریس کلب کے صدر نے حکومت کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ صحافی برادری کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جبکہ شرکا نے اس عمل کو بلوچستان کے صحافیوں کے 35 سالہ خواب کی تعبیر قرار دیا۔ تقریب میں صوبائی وزراء، انتظامی افسران اور بڑی تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *