کویٹہ، 8 نومبر: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ وزیرِ اعلیٰ نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں قابلِ قدر اقدامات اٹھا کر عوام کے دل جیت لیے ہیں۔
حاجی علی مدد جتک کے مطابق وزیرِ اعلیٰ کی قیادت میں بلوچستان میں پہلی بار ایسے جامع منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کے اثرات براہِ راست عام عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ خاص طور پر صوبے کے ہونہار طلبہ و طالبات کے لیے اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے بیرونِ ملک کے معروف تعلیمی اداروں میں داخلے کے مواقع فراہم کرنا وزیرِ اعلیٰ کی تعلیم دوستی اور وژن کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے عوام دوستی، عملی محنت اور مضبوط قیادت کے ذریعے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ صوبے کے حقیقی خادم ہیں۔ ان کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز ہوئی اور گورننس میں بہتری کے واضح آثار سامنے آئے ہیں۔
حاجی علی مدد جتک نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ اپنی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر پورے پانچ سال کی مدت مکمل کریں گے اور پارٹی کو مضبوط کرنے کے ساتھ عوامی رابطے بھی مستحکم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں کسی بھی وزیرِ اعلیٰ نے اتنا وقت اور محنت عوام کے لیے نہیں دی جتنی میر سرفراز بگٹی نے دی ہے۔ انہی کی قیادت میں بلوچستان ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔
حاجی علی مدد جتک نے اس بات پر زور دیا کہ میر سرفراز بگٹی واحد وزیرِ اعلیٰ ہیں جو ملک اور صوبے کے دشمنوں کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں اور پارٹی قیادت کے وژن کے مطابق صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گے۔













Leave a Reply