وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا فورسز کی صلاحیت بڑھانے اور امن کے قیام کے عزم کا اظہار

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون کی فراہمی کو یقینی بنائے، جبکہ فورسز دہشت گردی کے خلاف آپریشنل سطح پر قیادت کا کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور لیویز فورس کے انضمام، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، تربیتی پروگرامز اور فورسز کی تنظیمی مضبوطی کے ذریعے صوبے میں انسدادِ دہشت گردی کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔

وزیرِ اعلیٰ نے پولیس افسران اور اہلکاروں کی قربانیوں کو قوم پر قرض قرار دیتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور یقین دلایا کہ حکومت فورسز کو مکمل سیاسی، انتظامی اور اخلاقی حمایت فراہم کرے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فورسز کی استعداد کار بڑھانے، کرائم برانچ اور اسپیشل ونگز کو مزید فعال کرنے، اور شہداء کے اہلِ خانہ کے تحفظ و فلاح کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیرِ اعلیٰ نے ہدایت دی کہ اجلاس میں کیے گئے تمام فیصلوں پر فوری اور شفاف عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پولیس کو بااختیار اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *