وزیر اعلیٰ بلوچستان کا پاک افواج کی سرحدی کارروائیوں پر خراجِ تحسین اور دشمن عناصر کی ناکامی پر اظہارِ اطمینان

کوئٹہ، 12 اکتوبر 2025 — وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فتنۂ الخوارج اور سرحد پار سے سرگرم دشمن عناصر کے خلاف پاک افواج کی کامیاب کارروائیوں پر گہرا اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم اپنے جانباز سپاہیوں پر فخر محسوس کرتی ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے بہادری اور عزم کی نئی مثال قائم کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرحدوں کے دفاع میں شہادت پانے والے جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی، ملکی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر قیمت ادا کی جائے گی۔

میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے ٹھکانوں کو مؤثر کارروائی کے ذریعے تباہ کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی افواج کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے افغان طالبان اور بھارتی سرپرست عناصر کی اشتعال انگیزیوں کو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے سرحدی محاذ پر دشمن کو عبرتناک انجام سے دوچار کیا، جو ہماری عسکری قوت اور قومی یکجہتی کا واضح ثبوت ہے۔

آخر میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ تاریخ کا حصہ رہیں گی۔ انہوں نے پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ملک کا وقار مزید بلند کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *