گوادر میں پانی کی قلت، صوبائی حکومت کی جانب سے واٹر ایمرجنسی کا نفاذ

گوادر میں پانی کی شدید قلت کے پیش نظر صوبائی حکومت نے واٹر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے پانی کی فراہمی پر عائد تمام ٹیکسز عارضی طور پر ختم کر دیے ہیں۔ جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں گوادر میں پانی کے بحران اور اب تک کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے حکام کی جانب سے سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح ہدایت کی کہ اگر فوری طور پر خاطر خواہ نتائج سامنے نہ آئے تو وہ خود چیف سیکرٹری کے ہمراہ گوادر میں کیمپ قائم کر کے فراہمیٔ آب کے تمام امور کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گوادر کے عوام پانی کی قلت کے باعث سخت مشکلات میں مبتلا ہیں، اور حکومت عوامی ریلیف کے لیے دستیاب تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ فنڈز کی فراہمی کے باوجود بحران کے خاتمے میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن افسران میں فیصلہ سازی اور انتظامی صلاحیتوں کی کمی ہے، وہ خود کو ان ذمہ داریوں سے الگ کر لیں تاکہ یہ کام اہل افسران کے سپرد کیا جا سکے۔

میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ قلتِ آب پر قابو پانے کے لیے “برج فنانسنگ” کے تحت دستیاب تمام وسائل فوری طور پر استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کو پانی کی کمی کے باعث پریشانی میں مبتلا نہیں دیکھ سکتی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ موجودہ بحران میں ٹینکر مافیا کی بلیک میلنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ اداروں کو ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔

اجلاس کے دوران گیارہ غیر فعال ڈی سیلینیشن پلانٹس کی بحالی کے لیے فزیبلٹی رپورٹ جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی تاکہ ان منصوبوں کو فعال بنا کر پانی کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گوادر میں پانی کا بحران صرف انتظامی مسئلہ نہیں بلکہ عوام کی بنیادی ضرورت سے جڑا ہوا معاملہ ہے، جس کے حل کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایک جامع پالیسی فریم ورک تیار کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے بحران سے بچا جا سکے۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات زاہد سلیم، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، سیکرٹری پی ایچ ای محمد ہاشم غلزئی، اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے جبکہ ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن اور چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *