نصیرآباد، 6 اکتوبر — حکومت بلوچستان کے وژن کے مطابق ضلع نصیرآباد میں محکمہ صحت کی خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ، جو ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، اس سارے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ کمیٹی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب پندرانی، پی پی ایچ آئی کے ڈی ایس ایم فیصل اقبال کھوسہ اور ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر اعجاز علی شامل ہیں، جنہوں نے مختلف آسامیوں کے امیدواروں کے کاغذات کا جائزہ لیا۔
بھرتی کا عمل ویکسینیٹرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز، نرسنگ اسٹاف، ڈرائیورز، اردلی اور فیمیل سوئپرز کی آسامیوں کے لیے جاری ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کی ہدایات کے مطابق بھرتیاں میرٹ پر کی جا رہی ہیں تاکہ اہل امیدواروں کو حق مل سکے۔
انہوں نے بتایا کہ بھرتیوں کے دوران شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے اور تمام امیدواروں کے دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال ہو رہی ہے تاکہ متعلقہ یونین کونسلز کے مقامی افراد کو ترجیح دی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بنیادی طبی سہولیات ان کے گھروں کے قریب فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اور محکمہ صحت کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
Leave a Reply