وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع شیرانی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہ فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز کی بروقت کارروائی بلوچستان میں قیام امن کی روشن دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان دشمن نیٹ ورکس اور بھارتی پراکسیز کی ناکامی ہمارے بہادر جوانوں کی شاندار صلاحیتوں اور عزم کا واضح ثبوت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور قربانیاں عوام کے لیے اعتماد اور حوصلے کا سرچشمہ ہیں اور انہی کی وجہ سے بلوچستان میں امن قائم رکھنے کی کوششیں کامیاب ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بطور وزیر اعلیٰ ہی نہیں بلکہ بطور اس دھرتی کے بیٹے کے اپنے جوانوں پر بے حد فخر محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں اور شجاعت ہی ہمیں نئی ہمت اور یقین عطا کرتی ہیں اور یہی جذبہ بلوچستان کو ایک پرامن اور محفوظ مستقبل کی طرف لے کر جا رہا ہے۔
Leave a Reply