بلوچستان میں ملک کا پہلا خودکار ڈیجیٹل ای۔فائلنگ سسٹم متعارف

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں ملک کے پہلے خودکار ڈیجیٹل مالیاتی ای۔فائلنگ سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام شفافیت، اچھی حکمرانی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے جو عوام کو اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مالی اور فزیکل پیش رفت تک براہِ راست رسائی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عام شہری موبائل یا لیپ ٹاپ کے ذریعے اپنے حلقے کے منصوبوں کی پیش رفت دیکھ سکیں گے جبکہ اس نظام کے نفاذ سے سرکاری اداروں میں غیر رسمی طریقہ کار کا مکمل خاتمہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے وضاحت کی کہ ای۔فائلنگ افسران کو بروقت اور درست فیصلے کرنے میں مدد فراہم کرے گا اور یہ شفاف حکمرانی کے ساتھ ساتھ عوامی وسائل کے مؤثر استعمال کی بھی ضمانت ہے۔ انہوں نے تمام سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے محکموں میں جلد از جلد ای۔فائلنگ کا نظام نافذ کریں اور اعلان کیا کہ آئندہ کابینہ اجلاس بھی ڈیجیٹل ٹیبلیٹس کے ذریعے منعقد کیے جائیں گے تاکہ فیصلوں میں تاخیر ختم ہو سکے۔

اس موقع پر سیکرٹری خزانہ عمران زرکون نے بتایا کہ یہ منصوبہ مکمل طور پر مقامی آئی ٹی ماہرین کی کاوش ہے جس کے تحت محکمے اپنی بجٹ درخواستیں آن لائن جمع کرائیں گے اور ہر مرحلے کی منظوری و شفافیت دستاویزی شکل میں موجود ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے اس کامیاب منصوبے پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور ای۔فائلنگ ٹیم کے لیے تعریفی اسناد اور بونس کا اعلان بھی کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *