وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار نوجوانوں کے لیے کوئی راستہ نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ وہ تعلیم اور جدید ہنر کے ذریعے باعزت روزگار حاصل کریں۔ چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ بیروزگاری ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے نجی شعبے میں زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مستند اداروں کے تعاون سے نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جارہی ہے اور تیس ہزار سے زائد نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں ہنر سکھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پروگرام پر مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے تاکہ نوجوان نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر بھی روزگار کے بہتر مواقع حاصل کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارڈر اضلاع کے نوجوانوں کو تربیتی اور بلاسود قرضہ پروگرام میں خصوصی ترجیح دی جائے گی تاکہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کے بجائے باعزت طریقے سے اپنا مستقبل سنوار سکیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت تعلیمی وظائف، ہنر مندی کے منصوبے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو اولین ترجیح دے رہی ہے تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر صوبے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکیں۔













Leave a Reply