چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ سرکاری افسران اپنی ذمہ داریوں کو دیانت داری کے ساتھ ادا کریں اور عوام کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں تاکہ لوگوں کے مسائل بروقت حل ہوسکیں اور انہیں ریلیف مل سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی خدمت میں اخلاص، نیک نیتی اور بہتر رویہ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ یہی عوام کا حکومت پر اعتماد مضبوط کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ضلعی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور معیاری طور پر مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں، کھلی کچہریوں، آثار قدیمہ کے تحفظ، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام، غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز عوامی شکایات کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں تاکہ شہری براہ راست اپنے مسائل پیش کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ آثار قدیمہ ماضی کی تاریخ اور قدیم تہذیبوں کی عکاسی کرتے ہیں جن کی حفاظت اور تحقیق سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ آنے والی نسلیں بھی اس علمی ورثے سے استفادہ کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور سرکاری نرخوں پر اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی ضروری ہے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کم کرنا اور مستقبل کی نسلوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم اور صحت میں عارضی بنیادوں پر تعینات اساتذہ اور ڈاکٹرز کو فوری تنخواہیں ادا کرنے کی ہدایت بھی کی، جبکہ پی او آر کارڈ ہولڈرز کی واپسی کے عمل کو تیز کرنے پر بھی زور دیا۔













Leave a Reply